چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی، 50 کروڑ کا خرچ، ریاستی وزراء اور صدرنشین وقف بورڈ کا دورہ
حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی منصوبے پر تیزی سے عمل آوری کے لیے ریاستی وزراء محمد محمود علی، کے ایشور، سرینواس گوڑ اور صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ درگاہ کا دورہ کیا اور ترقیاتی منصوبے کے مطابق عمل آوری کو یقینی بنانے کے لیے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے زائرین کی سہولت کے لیے 50 کروڑ کے خرچ سے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔ چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی سے درگاہ شریف کی اطراف کی اراضی حاصل کرتے ہوئے مختلف سہولتیں فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 ایکڑ وقف اراضی کے علاوہ متصل خانگی اراضی کے حصول کی کارروائی شروع کی گئی۔ بعض گوشوں سے اراضی حوالے کرنے میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے جس کا جائزہ لینے کے لیے آج یہ دورہ کیا گیا۔ تقریباً 100 ایکر اراضی پر ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جائے گا جس میں زائرین کے لیے قیام کے علیحدہ کاٹیج، عالی شان مسجد، سلاٹر ہائوز کے علاوہ پارکنگ کے لیے وسیع تر انتظامات کئے جائیں گے۔ اہم شخصیتوں کے لیے خصوصی کاٹیجس کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انچارج ضلع کلکٹر ہریش اور دیگر عہدیداروں نے ریاستی وزراء اور صدرنشین وقف بورڈ کو اراضی کے حصول کے اقدامات سے واقف کرایا۔ وزراء نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد پراجیکٹ کے کاموں کا آعاز کریں کیوں کہ چیف منسٹر درگاہ شریف میں بہتر سہولتوں کی فراہمی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر درگاہ شریف کے سچے عقیدتمند ہیں اور تلنگانہ تحریک کے دوران بعد میں چیف منسٹر کے عہدے پر فائز ہوتے ہی درگاہ شریف پر حاضری دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سکیولر ہیں اور وہ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو ترقی دینا چاہتے ہیں تاکہ ان مذاہب کے ماننے والوں کے لیے بہتر سہولتیں حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ترقیاتی منصوبے پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد علیم نے بتایا کہ اراضی کے حصول کے سلسلہ میں اندرون دو یوم عہدیداروں کے اجلاس میں منصوبے کو قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا اور ان کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا۔ محمد سلیم نے کہا کہ حکومت درگاہ شریف میں زائرین کے لیے مثالی خدمات اپیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں زائرین زیارت کے لیے پہنچتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں سہولتیں ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مسجد کو بڑی اور عالی شان مسجد میں تبدیل کیا جائے گا۔ ریاستی وزراء سرینواس گوڑ اور کے ایشور نے بھی عہدیداروں سے معلومات حاصل کی۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی انجیا یادو حکومت کے مشیر اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم اور ضلع کے اعلی عہدیدار موجود تھے۔