ٹنڈر مرحلہ مکمل ہونے سے قبل ہی الاٹمنٹ، سی ای او وقف بورڈ کا بھی اعتراض، مقررہ رقم کی پیشکشی کے باوجود دوسرے کو الاٹ کرنے کیخلاف درخواست
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے سالانہ ٹنڈر میں بے قاعدگیوں کے الزامات کے تحت تلنگانہ ہائی کورٹ میں ایک درخواست داخل کی گئی ہے اور اس کی سماعت کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔ گولکنڈہ کے ساکن محمد شعیب نے ہائی کورٹ میں رٹ درخواست داخل کرتے ہوئے یہ الزام عائد کرتے ہوئے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کا سالانہ ٹنڈر جس میں درگاہ کا غلہ نظر و نیاز وغیرہ کے انتظام کا سالانہ ٹنڈر طلب کیا گیا تھا اور اس کنٹراکٹ کے لئے دو کروڑ 80 لاکھ روپے طے کئے گئے تھے اور 11 جنوری سال 2023 کو ٹنڈر کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ درخواست گذار نے اپنی رٹ درخواست میں عدالت کو واقف کروایا کہ ٹنڈر کا مرحلہ مکمل ہوئے بغیر ہی درگاہ کے سالانہ ٹنڈر کو سید فیض الدین کو 1,46,00,786 دے دیا گیا اور اس کے علاوہ ایک فیصد ہراج کی رقم کے علاوہ 5 فیصد مینٹیننس کے اخراجات جملہ 1,54,76,833 روپے جمع کرانے کے لئے وقف بورڈ کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں کنٹراکٹر نے فوری طور پر 75 لاکھ روپے جمع کروا دیئے اور مابقی رقم کو اندرون 15 دن جمع کروانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ سالانہ ٹنڈر کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے سی ای او کی جانب سے محض ایک آفس میمو جاری کرتے ہوئے یہ ٹنڈر بغیر ہراج کے کنٹراکٹر کو دے دیئے جانے پر اعتراض کیا۔ درخواست گذار نے یہ بتایا کہ سالانہ ٹنڈر اور اس کے ہراج کے لئے انہوں نے 2 کروڑ 11 لاکھ روپے کی پیشکش وقف بورڈ کو کی تھی لیکن ان کی درخواست کو نظرانداز کرتے ہوئے کنٹراکٹ سید فیض الدین کو دے دیا گیا۔ محمد شعیب نے اپنی درخواست میں یہ بتایا کہ درگاہ کا ٹنڈر بغیر ہراج کے کنٹراکٹر کو دیا جانا غیر قانونی اور غیر دستوری ہے اور اے پی وقف بورڈ ایکٹ 1995 کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گذار نے عدالت سے یہ درخواست کی ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ اور درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے سپرنٹنڈنٹ کی یہ حرکت سیاسی اثر کے تحت کی گئی ہے جو غیر قانونی ہے۔ درخواست گذار نے یہ بتایا کہ سال 2020 میں بھی ٹنڈر کے مسئلہ پر بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں ایک رٹ درخواست 6628 داخل کی گئی تھی جس میں ہائی کورٹ نے وقف بورڈ کے اقدام کو غلط قرار دیتے ہوئے سی ای او کو تازہ طور پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ٹنڈر کے مرحلہ کو مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ لہذا ہائی کورٹ اس رٹ درخواست میں بھی بے قاعدگیوں کے خلاف احکامات جاری کرتے ہوئے تلنگانہ وقف بورڈ کے سی ای او کو ہراج کے لئے تازہ ٹنڈر طلب کرنے کے احکام جاری کریں اور سی ای او وقف بورڈ کے میمو F.NO.13/RR/DJP/AUC/2018 تاریخ 17.2.2022 کو کالعدم کردے۔ ب