درگاہ حضرت سید شہاب الدین سہروردیؒ کی اراضی پر ناجائز تعمیرات کو روکنے کا مطالبہ

   

شمس آباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میونسپل میں واقع درگاہ حضرت سید شہاب الدین سہروردیؒ کی اراضی پر ناجائز تعمیرات کا آغاز ہوا جس پر مقامی مسلمانوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شمس آباد میونسپل کمشنر کو ایک یادداشت پیش کی ۔ جس میں غیر قانونی طور پر تعمیر کیا جانے والے کمیونیٹی ہال کے تعمیری کام کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا ۔ مقامی مسلمانوں نے بتایا کہ گزشتہ میں بھی درگاہ کی اراضی پر واٹر ٹینک اور میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول تعمیر کر کے درگاہ کی زمین کو کافی نقصان پہنچایا گیا اور اب کمیونٹی ہال کے نام پر تعمیری کام شروع کر کے دوبارہ اس اراضی کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ درگاہ کے تحت 44 ایکڑ اراضی ہے لیکن وقف ریکارڈ میں صرف دو ایکڑ اراضی ہی ہیں ۔ وقف بورڈ عہدیداروں کو کئی مرتبہ اس سلسلہ میں یادداشت پیش کی گئی ۔ گزشتہ حکومت میں محمد محمود علی جب ریونیو منسٹر تھے اور بعد میں ہوم منسٹر تھے تب بھی درگاہ کی اراضی کے تحفظ کے لیے محمد محمود علی کو یادداشت پیش کی گئی تھی لیکن انہوں نے بھی وقف کی جائیداد کو قبضہ ہوتے دیکھا اور اس کے تحفظ میں ناکام ہوئے ۔ اب کانگریس کے اقتدار میں یہ مسئلہ دوبارہ منظر عام پر آیا اب یہ دیکھنا ہوگا کہ کانگریس حکومت اس سلسلہ میں کیا اقدام کرتی ہیں ۔ شمس آباد مسلم قائدین کے ایک وفد نے میونسپل کمشنر کو یادداشت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ فورا کام کو روکا جائے اور درگاہ کی اراضی کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں ۔ اس موقع پر سنجے یادو ، کانگریس میونسپل صدر ، محمد جہانگیر پاشاہ نائب صدر ، محمد شمس الدین ، سابق ڈپٹی سرپنچ ، محمد شفیع ، محمد صادق وغیرہ موجود تھے ۔۔