دریائے کرشنا کے پانی کیلئے کانگریس کا ایجی ٹیشن

   

Ferty9 Clinic

احتجاجی کمیٹی کا اجلاس، اتم کمار ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔15۔ جون(سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے دریائے کرشنا کے پانی کے مسئلہ پر ایجی ٹیشن میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آندھراپردیش کی جانب سے دریائے کرشنا کے پانی کے حصول کے خلاف احتجاج کے لئے قا ئم کردہ کمیٹی کا آج گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوا۔ سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے صدارت کی جبکہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، کمیٹی کے کنوینر رام موہن ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار ، سابق وزیر پرساد کمار ، سابق ایم پی ملو روی اور بعض ضلع کانگریس صدور نے شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سے ناانصافی پر ٹی آر ایس حکومت خاموش ہے۔ جگن اور کے سی آر میں ملی بھگت کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کئی اضلاع کو خشک سالی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائلسیما میں آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر سے ناگرجنا ساگر سوکھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کانگریس دور حکومت کے پراجکٹس کو نظر انداز کردیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تلنگانہ سے انصاف کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک عمل نہیں کیا گیا ۔ کانگریس نے عوامی مسائل پر گورنر سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے جس میں آبی مسائل کے علاوہ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی شامل ہے۔