دستور میں تبدیلی سے متعلق کے سی آر کا بیان افسوسناک

   

دیگر پارٹیوں کے ارکان کے انحراف کی حوصلہ افزائی، اتم کمار ریڈی کا الزام
حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے دستور سے متعلق چیف منسٹر کے بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے دستور میں تبدیلی کی بات کرتے ہوئے دستور کے معماروں کی توہین کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ میں تمام دستوری اور جمہوری اداروں اور قواعد کو گزشتہ آٹھ برسوں میں بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ انہیں دستور اور جمہوریت پر ایقان نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آج حضور نگر اور کوداڑ اسمبلی حلقوں میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی اور کانگریس کی ڈیجیٹل رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں کے سی آر کی طرح کسی بھی چیف منسٹر نے دستور کی اس طرح خلاف ورزی نہیں کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کے پروگرام میں چیف منسٹر کی عدم شرکت پر تنقید کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس اور دیگر پارٹیوں سے جیتنے والے ارکان اسمبلی و کونسل کو کے سی آر نے خرید کر دستور کی توہین کی ہے۔ دستور کے خلاف کام کرنے والے کے سی آر آج دستور میں تبدیلی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام میں اہم رول ادا کرنے والے مقننہ، عدلیہ اور عاملہ کے خلاف چیف منسٹرکا رویہ افسوسناک ہے۔ اس کے علاوہ میڈیا کو بھی کے سی آر نے نہیں بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو برسر اقتدار پارٹی کے حق میں کام کرنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینے کے بجائے کے سی آر دستور میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے دستور کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔ ر