دستور کی طاقت سے ’ چائے والا ‘ ملک کا وزیر اعظم بن گیا : مودی

   

عظیم اتحاد مہا ملاوٹ کی مہا گراوٹ طئے ہے ۔ یو پی میں وزیر اعظم کا انتخابی ریلیوں سے خطاب
علیگڈھ 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بابا صاحب امبیڈکر کے دستور کی ان کی یوم پیدائش کے موقع پر ستائش کی اور کہا کہ یہ دستور کی طاقت ہی تھی کہ معمولی پس منظر رکھنے والے افراد بھی اب صدر جمہوریہ ‘ نائب صدر اور وزارت عظمی کے عہدوں پر فائز ہیں۔ مودی نے اترپردش کے مہا گٹھ بندھن پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ ریاست میں 40 نشستوں پر بھی مقابلہ نہیں کر رہے ہیں وہ وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ بابا صاحب امبیڈ کر کے دستور کی طاقت ہی ہے کہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے رام ناتھ کووند صدر جمہوریہ ہیں جبکہ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ بابا صاحب کے دستور کی ہی دین ہے کہ ایک چائے والا ملک کا وزیر اعظم بن گیا ہے ۔ بعد ازاں انہوں نے مراد آباد میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد مہا ملاوٹ ہے اور اب اس کی مہا گراوٹ طئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہا ملاوٹ کی مہا گراوٹ اب طئے ہے ۔ علیگڈھ میں انہوں نے ایس پی ۔ بی ایس پی ۔ آر ایل ڈی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعتیں ریاست میں 40 لوک سبھا حلقوں سے بھی مقابلہ نہیں کر رہی ہیں وہ وزارت عظمی کے خواب دیکھ رہی ہیں۔ اترپردیش میں مایاوتی کی بی ایس پی 38 اکھیلیش یادو کی سماجوادی پارٹی 38 نشستوں سے مقابلہ کر رہی ہیں جبکہ مابقی نشستیں دوسروں کیلئے چھوڑ دی گئی ہیں۔ راشٹریہ لوک دل کے تین امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ اس اتحاد نے رائے بریلی اور امیٹھی سے اپنے امیدوار میدان میں نہیں اتاارے ہیں۔ انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تائید سے عوام کے چوکیدار نے امبیڈکر کے راستے پر چلنے کی کوشش کی ہے اور حکومت سب کا ساتھ سب کا وکاس کے جذبہ سے چلا رہا ہے ۔