دستور کے مطابق مذہبی آزادی کی ضمانت کا احترام کیا جائے

   

اترکھنڈ حکومت کی جانب سے مدارس کو مذہبی شناخت سے محروم کرنے کی کوشش۔ مسلم پرسنل لا بورڈ قائدین کا مشترکہ بیان
نئی دہلی۔ 27 اپریل (یو این آئی) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ قائدین نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دستور ہند میں دفعہ 25 اور 26 کے تحت مذہبی آزادی کی ضمانت کا احترام کیا جائے ۔ ہندوستان کے آئین میں دفعہ 25 اور 26 کے تحت مذہبی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے ، جبکہ دفعہ 30 کے تحت مذہبی اقلیتوں کو اپنے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور چلانے کا مکمل حق ہے ۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ وطن عزیز میں دینی مدارس ہمارے مذہبی اقدار کے تحفظ کا اہم ترین ذریعہ ہیں اور آئین ہند نے ان حقوق کو بنیادی حقوق کے طور پر تسلیم کیا ہے ؛ اس لیے ان کی حفاظت ملت اسلامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، مدارس نے ملک کی آزادی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آج بھی کر رہے ہیں۔ لیکن افسوس کہ نفرت انگیز سیاست کے ذریعے اقتدار پانے والے بعض عناصر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ان کی مذہبی شناخت سے محروم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسی سلسلے کی ایک کڑی مدارس اسلامیہ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے ۔ گزشتہ دنوں اتراکھنڈ حکومت ایک بل لائی ہے ، جس کے تحت تمام مدارس کو سرکاری تعلیمی بورڈ میں رجسٹر کرانا لازمی قرار دیا جا رہا ہے اور آئندہ تعلیمی بورڈ یہ بھی طے کرے گا کہ مذہب سے متعلق کیا تعلیم دی جائے اور کیا نہیں، نیز نصاب بھی وہی ہوگا ، جو حکومت کی طرف سے مقرر کیا جائے گا۔ ہمارا ماننا ہے کہ یہ قانون آئین میں دی گئی ضمانتوں اور بنیادی حقوق کے سراسر خلاف ہے ؛ بلکہ ایک سیکولر ریاست سے جو توقع کی جاتی ہے ، اس سے بھی متصادم ہے اس لیے اس کی مخالفت کرنا اور آئین میں دی گئی مدارس کی آزادی کو برقرار رکھنا پوری ملت اسلامیہ کی ذمہ داری ہے ، اس معاملے میں کچھ مقدمات اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں اور ضرورت پر سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ بیان جاری کرنے والوں میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (صدر مسلم پرسنل لا بورڈ ) مولانا سید ارشد مدنی (صدر جمعیۃ علماء) مولاناسید محمود اسعد مدنی (صدر جمعیۃ علماء ۔ مولانا عبید اللہ خان اعظمی ‘ جناب سید سعادت اللہ حسینی (امیر جماعت اسلامی ۔ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی ۔ مولاناسید بلال عبدالحی حسنی ندوی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی (صدر جمعیت اہل حدیث ہند) شامل ہیں۔