دسمبر کے آخر تک تیزی سے پھیلے گا اومی کرون انفکشن:اگروال

   

کانپور: عالمی وبا کورونا وائرس کی پہلی اور دوسری لہر کے بارے میں صحیح پیش قیاسی کرچکے آئی آئی ٹی کانپور کے سائنس داں پروفیسر منیندر اگروال نے کورونا کی تیسری لہر کے سال کے آخر تک اثر دکھانے کا انتباہ دیا ہے جبکہ جنوری کے آخر ہفتے تک کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے شباب پر ہونے کے امکان ہیں۔اومی کرون وائرس سے اب تک سب سے زیادہ جنوبی افریقہ متاثر ہوا۔وہاں درج کئے گئے معاملوں میں ریسرچ کی بنیاد پر پروفیسر اگروال نے نتیجہ نکالا ہے کہ اومی کرون کی شکل میں کورونا کی تیسری لہر دسمبر کے آخری ہفتے تک تیزی سے اپنا اثر دکھانا شروع کردے گی جبکہ جنوری کے آخری ہفتہ اور فروری کے پہلے ہفتہ کے درمیان ملک میں وائرس کے معاملے شباب پر ہونگے اور اس دوران ہر روز ایک سے ڈیڑھ لاکھ متاثرین اس کی زد میں آسکتے ہیں۔پدم شری پروفیسر اگروال نے کہا کہ ماسک اور جسمانی فاصلہ کو موثر بنانے اور ٹیکے کی دونوں خوراک لینے سے بیمار سے بچاؤ میں مدد مل سکتی ہے ۔ بچوں پر یہ وائرس زیادہ اثر نہیں ڈال سکے گا۔