دسویں جماعت میں 20 فیصد انٹرنل مارکس برقرار

   

محکمہ تعلیم کا اہم فیصلہ ، احکامات کی اجرائی ، طلبہ کا اظہار اطمینان
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : محکمہ تعلیم نے دسویں جماعت کے انٹرنل مارکس کو برخاست کرنے کے فیصلے پر یو ٹرن لے لیا ہے ۔ ماضی کی طرح جاریہ سال بھی 20 انٹرنل مارکس جوں کا توں برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیاہے اور اس سلسلے میں احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔ اسکولس کی کشادگی کے دو ماہ بعد بھی حکومت کی جانب سے اس مسئلہ پر کوئی واضح اعلان نہ ہونے پر طلبہ میں بے چینی پائی جارہی تھی اور میڈیا میں یہ مسئلہ موضوع بحث بن گیا تھا ۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم نے سابق کی طرح دسویں جماعت کے امتحانات میں 80 مارکس تحریری امتحان کے اور 20 مارکس انٹرنل امتحانات کے جوں کے توں رہنے کا اعلان کیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال انٹرنل امتحان ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سے متعلق جی او بھی جاری کیا تھا تاہم طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی درخواست پر اس جی او سے دستبرداری اختیار کی تھی آئندہ سال 2025 سے اس پر عمل کرتے ہوئے انٹرنل مارکس کو برخاست کرتے ہوئے 100 مارکس پر مشتمل امتحانات منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب اس سے بھی دستبرداری اختیار کی گئی ہے ۔ تاہم ٹیچرس کی اپیل کی جارہی ہے کہ مارکس کے بجائے گریڈنگ دی جائے گی یا نہیں اس پر وضاحت کرنے کا محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس سلسلہ میں پیر کو احکامات جاری کئے گئے ہیں جس پر طلبہ اور اولیائے طلبہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔2