کئی ٹیچرس میڈیکل سرٹیفکیٹس کے ذریعہ بچنے کی کوشش ، ضلع کھمم میں 200 ٹیچرس کو نوٹس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) دسویں جماعت کے جوابی پرچوں کی جانچ میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ چند ٹیچرس حاضر نہیں ہورہے ہیں۔ چند ٹیچرس میڈیکل سرٹیفکیٹس پیش کرتے ہوئے ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کررہے ہیں۔ مزید چند ٹیچرس اطلاع دیئے بغیر ڈیوٹی سے غیرحاضر رہے ہیں۔ بعض ٹیچرس جوابی پرچوں کے مراکز میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے کی شکایتیں کررہے ہیں، جس پر اعلیٰ عہدیدار سخت ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں اور ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ٹیچرس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی جارہی ہے۔ صرف ضلع کھمم میں 200 ٹیچرس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہیکہ ریاست بھر میں دسویں جماعت کے امتحانات کا اختتام ہوگیا ہے اور چہارشبہ سے جوابی پرچوں کے جانچ کا آغاز ہوگیا ہے۔ ماضی میں 12 مراکز قائم کئے گئے تھے۔ اس مرتبہ مراکز کی تعداد 18 کردی گئی ہے۔ ضلعی سطح پر سبجیکٹ اور لینگویج ماہرین کی خدمات پرچوں کی جانچ کیلئے حاصل کی گئی ہے۔ اعلیٰ عہدیدار ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ پرچوں کی جانچ کیلئے دو دن قبل ڈیوٹی کا تعین کیا ہے۔ چند ٹیچرس ڈاکٹرس سے رجوع ہوکر صحت ناساز ہونے کا میڈیکل سرٹیفکیٹس حاصل کرتے ہوئے پرچوں کی جانچ سے دستبردار کرنے کی اعلیٰ عہدیداروں سے اپیل کررہے ہیں۔ ٹیچرس یونین بھی اپنے لوگوں کو ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے میں تعاون کررہے ہیں۔ اعلیٰ عہدیدار ڈیوٹی انجام دینے کے معاملے میں ٹال مٹول کا مظاہرہ کرنے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔ن