دسویں جماعت کے ہال ٹکٹس پر QR کوڈ کی تجویز

   

Ferty9 Clinic

امتحانی مراکز کی آسانی سے نشاندہی ، طلبہ کو راحت ، محکمہ تعلیم کی منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست بھر میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 14 مارچ سے 16 اپریل تک منعقد کئے جائیں گے ۔ جن میں شرکت کرنے کے لیے 5.27 لاکھ سے زائد طلبہ نے امتحانی فیس ادا کردی ہے ۔ امتحانات کے دوران طلبہ کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن ایک نئی پہل پر غور کررہا ہے ۔ جس کے تحت اس بار ہال ٹکٹس پر QR کوڈ پرنٹ کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ محکمہ امتحانات کے حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد امتحانی مراکز کی آسان اور درست نشاندہی کو یقینی بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت طلبہ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعہ ہال ٹکٹ پر موجود QR کوڈ اسکیان کریں گے جس کے بعد گلوگل میاپس کے ذریعہ امتحانی مرکز کا درس مقام براہ راست ان کے سامنے آجائے گا ۔ اس سے طلبہ اور والدین کو امتحان کے دن غیر ضروری پریشانی اور ذہنی دباؤ سے نجات ملنے کی امید ہے ۔ خاص طور پر گریٹر حیدرآباد کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع میں امتحانی مراکز کی شناخت ایک بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے ۔ کئی مقامات پر اسکولس کے نام ایک جیسے ہونے اور درست پتے واضح نہ ہونے کے باعث طلبہ امتحان کے دن الجھن کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ ایسے میں وقت پر امتحانی مرکز تک پہونچنا ایک چیلنج بن جاتا ہے ۔ جس کا اثر طلبہ کی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ QR ٹکنالوجی کے استعمال سے اس مسئلہ پر موثر طور پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ اس تجرباتی نظام کو نافذ کرنے کے لیے تجاویز تیار کی جارہی ہیں اور اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو آنے والے برسوں میں اسے مستقل بنیادوں پر نافذ کئے جانے کا امکان ہے ۔ محکمہ تعلیم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے کے امتحانی عمل طلبہ کے لیے زیادہ آسان ، شفاف اور تناؤ سے پاک بنایا جاسکے ۔۔ 2