تمام احتیاطی اقدامات ، عہدیداروں کی ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں دسہرہ تہوار کے بعد گورنمنٹ ریزیڈنشیل تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ تلنگانہ میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کے سوسائٹیز کے حدود میں ایک ہزار سے زائد تعلیمی ادارے ہیں جن میں تقریبا 4 لاکھ طلبہ مختلف کلاسیس میں زیر تعلیم ہیں ۔ ریاست میں کورونا اثر کے پیش نظر تعلیمی سال 2020-21 کے دوران دوسرے تعلیمی اداروں کے طرز پر ان ریزیڈنشیل تعلیمی اداروں میں بھی طلبہ کو آن لائن تعلیم فراہم کی گئی ۔ کورونا کا اثر کمزور پڑ جانے پر تعلیمی سال 2021-22 کے لیے یکم ستمبر سے ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی گئی ۔ ہائی کورٹ نے ریزیڈنشیل اسکولس کی کشادگی پر اعتراض کیا ۔ طلبہ کی صحت کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ریزیڈنشیل اسکولس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز نہیں کیا کیوں کہ ان طلبہ کے لیے ہاسٹلس کا بھی انتظام کرنا تھا ۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد حکومت ان ریزیڈنشیل اسکولس میں ابھی تک آن لائن تعلیم کے نظام پر عمل کررہی ہے ۔ جب کہ کارپوریٹ تعلیمی ادارے اور ہاسٹلس جوں کے توں جاری ہیں ۔ گورنمنٹ ریزیڈنشیل تعلیمی اداروں کی کشادگی کے لیے مختلف گوشوں سے حکومت کو بڑے پیمانے پر نمائندگیاں حاصل ہورہی ہیں ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار ہائی کورٹ سے رجوع ہو کر ریزیڈنشیل تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لانے کے لیے منظوری حاصل کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔۔ ن