لکھنو، 19اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ جن علاقوں میں کورونا وائرس کے دس سے زیادہ متاثرہ مریض مل رہے ہیں انہیں نہ کھولا جائے ۔مسٹر یوگی نے اتوار کو ٹیم۔11کے ساتھ لاک ڈاون کی جائزہ میٹنگ کی۔ انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں کورونا کے دس سے زیادہ پازیٹیو معاملات کی رپورٹ ہے انہیں ابھی نہ کھولا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل ڈسٹینسنگ پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ جو جہاں ہے وہ وہیں رکے ۔ انہوں نے کورونا مشتبہ افراد کی لازمی طورپرٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت دی۔ کورونا کے انفیکشن کو ہر حال میں پھیلنے سے روکنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کورونا کے علاج میں لگے ڈاکٹروں، نرسوں، میرامیڈکس اور دیگر اسٹاف کو پی پی ای، این۔ 95ماسک اور دیگر طبی آلات ہر حال میں دستیاب کرائے جائیں۔ کورونا مشتبہ افراد کے لئے شیلٹر ہوم تیار ی کی حالت میں رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ بہار سے آنے والوں کو ہر حال میں کورینٹائن کیا جائے ۔ اس سلسلہ میں ضروری پروٹوکول پر عمل کیا جائے ۔ تمام لوگ منہ ڈھکنے کے لئے ماسک، گمچھے ، دوپٹے وغیرہ کا استعمال کریں۔