دفعہ 370 کی برخواستگی اہم سنگ میل : امیت شاہ

   

جھنڈ ( ہریانہ ) 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر کو خصوصی موقف کی برخواستگی ملک کے اتحاد و سالمیت کیلئے ایک سنگ میل ہے اور اس سے ریاست کی ترقی یقینی ہوسکے گی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کے موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے عہدہ کا جو اعلان کیا ہے اس سے ملک کے دفاع میں استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 1999 کی کارگل جنگ کے بعد اس عہدہ کی سفارش کی گئی تھی اوراب اس کے قیام کا مقصد تینوں مسلح افواج میں بہتر تال میل پیدا کرنا اور حکومت و فوج کے مابین روابط کو مستحکم کرنا بھی ہے ۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف وزیر اعظم کو اہم دفاعی اور حکمت عملی مسائل پر فوجی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینگے ۔ انہوں نے جھنڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستور کے دفعہ 370 کی برخواستگی کے نتیجہ میں جموں ‘ کشمیر اور لداخ کو ترقی حاصل ہوگی اور دہشت گردی سے علاقہ کو پاک کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے یہ کام کردکھایا ہے ۔