وزیراعظم اور وزیرداخلہ کو اجمیر شریف کے زین العابدین علی خان کی مبارکباد
اجمیر 5 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) درگاہ اجمیر شریف سے وابستہ مذہبی پیشوا زینا لعابدین علی خاں نے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستوری دفعہ 370 کی منسوخی پر وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کو مبارکباد دی۔ جموں و کشمیر کے عوام کو علیحدگی پسندوں اور مقامی سیاستدانوں کے پروپگنڈہ سے گمراہ نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے زین العابدین علی خاں نے کہاکہ وہ اپنے ملک، سماج اور خاندان کی ترقی و خوشحالی کے لئے قومی دھارے میں شامل ہوجائیں۔ خان نے اپنے صحافتی بیان میں کہاکہ ’ملک کے لئے یہ ایک تاریخی دن ہے جو سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا۔ مَیں وزیراعظم، وزیرداخلہ اور ارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتا ہوں‘۔ اب پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بات ہونی چاہئے۔ دفعہ 370 ایک عبوری قانون اور حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس اقدام سے کشمیر میں ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ سارا ملک حکومت کے ساتھ ہے اور غیر مقیم ہندوستانی (این آر آئیز) بھی اِس اقدام کا خیرمقدم کررہے ہیں۔ حکومت نے پیر کو دفعہ 370 منسوخ کرتے ہوئے ہندوستان میں واحد مسلم اکثریتی ریاست کشمیر کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تقسیم کردیا ہے جس پر وادی کے مسلمانوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اب وہ مسلم اکثریتی شناخت سے محروم ہوجائیں گے۔