دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد مانو اور حیدرآباد یونیورسٹی پر پکیٹس تعینات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/7اگسٹ، ( پی ٹی آئی) پولیس نے کہا ہے کہ جموں و کشمیرکو خصوصی موقف فراہم کرنے والی دستوری دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد یونیورسٹی آف حیدرآباد اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی پر پولیس پکیٹس تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ( مسئلہ کشمیر پر ہونے والی ) حالیہ تبدیلیوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ پکیٹس تعینات کئے گئے ہیں۔ لیکن امن و قانون کاکوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے ان علاقوں میں دفعہ 144کے تحت امتناعی احکام نافذ کرنے کی اطلاعات کی تردید کی۔ پولیس عہدیدار نے مزید کہا کہ جلوس، جلسوں کے انعقاد کو باقاعدہ بنانے کے مقصد سے 1861ء کے پولیس قانون کی دفعہ 30 کے تحت ضروری احکام نافذ کئے گئے ہیں۔ یہ احکام بالعموم ہر ماہ باضابطہ بنیاد پرنافذ کئے جاتے ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد انتظامیہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ اس یونیورسٹی میں منگل یا چہارشنبہ کو کوئی احتجاجی مظاہرے نہیں ہوئے اور ماحول انتہائی پُرامن رہا۔