کلکٹریٹ آصف آباد کے روبرو سی پی ایم کا احتجاج، سابق ایم پی ڈاکٹر بابو راؤ کا خطاب
کاغذ نگر۔/24 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج یعنی 24 جولائی کے روز کلکٹر آفس آصف آباد کے روبرو سی پی ایم ریاستی قائدین اور مقامی قائدین کے علاوہ عوام اور دلتوں اور قبائیلوں کے ساتھ احتجاجی دھرنا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر سی پی ایم سابق رکن پارلیمان ڈاکٹر بابو راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت عوام کو گمراہ کن بیانات کے ذریعہ دھوکہ دے رہی ہے اور عوامی مسائل کی یکسوئی میں دونوں حکومتیں ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے سے قبل ایس سی اور ایس ٹی لوگوں کو مفت 3 ایکر اراضی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد ریاستی حکومت اپنے وعدوں پر عمل آوری کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 سالوں سے جنگل کی حفاطت کرتے ہوئے قبائیلی لوگ کاشت کرتے آرہے ہیں۔ لیکن ان کے ساتھ انصاف کرنے کے بجائے قبائیلی لوگوں کی اراضی کو چھین کر شجرکاری انجام دی جارہی ہے۔ اس لئے ریاستی حکومت سے سی پی ایم کی جانب سے مطالبہ ہے کہ 40 سالوں سے کاشت کرنے والے قبائیلی لوگوں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے قبائیلی لوگوں کی اراضی کوقبائیلیوں کے حوالے کیا جائے۔ بعد ازاں آصف آباد، وانکڑی گاؤں کے مختلف قبائیلی اور جنگلاتی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سی پی ایم قائدین نے قبائیلی لوگوں سے تفصیلات حاصل کی۔
