رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کا خیرمقدم
حیدرآباد ۔18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے معاملہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ سے کانگریس پارٹی کی جانب سے عائد کردہ الزامات ثابت ہوچکے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے کہا تھا کہ دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں جانبداری کی جارہی ہے اور سیاسی مقاصد کے لئے اسکیم کو استعمال کیا جارہا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ بارہا اس بات کی شکایت کرچکے ہیں کہ مقامی ارکان اسمبلی سیاسی اغراض کے لئے اسکیم کو استعمال کر رہے ہیں اور 2 تا 5 لاکھ روپئے کمیشن حاصل کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کا انتخاب کر رہے ہیں۔ ہائی کورٹ نے واضح کردیا کہ دلت بندھو استفادہ کنندگان کے انتخاب کے لئے ارکان اسمبلی کی سفارش ضروری نہیں ہے اور حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کو درخواستوں کا جائزہ لینا چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہائیکورٹ کے اس فیصلہ سے دلت بندھو اسکیم سے حقیقی معنوں میں مستحق دلتوں کو فائدہ ہوگا۔ر