ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت نئے قواعد کی تیاری، ارکان اسمبلی کی مداخلت ختم
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں ارکان اسمبلی کے رول کو ختم کئے جانے کے بعد حکومت نے اسکیم کی درخواستوں کی قبولیت کو روک دیا ہے۔ عدالت کے احکامات کے مطابق نئے رہنمایانہ خطوط طئے کرنے کیلئے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی گئی۔ واضح رہے کہ 17 نومبر کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے احکامات میں کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹی اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کی مجاز ہوگی اور ارکان اسمبلی کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ حکومت نے عدالتی احکامات سے قبل ارکان اسمبلی کو استفادہ کنندگان کے ناموں کی سفارش کا اختیار دیا تھا۔ پہلے مرحلہ میں ارکان اسمبلی کو 100 استفادہ کنندگان کے انتخاب کا اختیار دیا گیا ۔ اس فیصلہ پر مختلف گوشوں سے احتجاج کیا گیا اور آخر کار یہ معاملہ ہائی کورٹ میں پہنچا۔ مخالفین کا اعتراض تھا کہ ارکان اسمبلی اپنے قریبی افراد کو فہرست میں شامل کررہے ہیں۔ 119 اسمبلی حلقہ جات میں ٹی آر ایس کے 104 ارکان اسمبلی ہیں لہذا استفادہ کنندگان کی اکثریت کا تعلق برسراقتدار پارٹی سے رہنے کا اندیشہ ہے۔ عدالت نے ارکان اسمبلی کو مداخلت کو ختم کرتے ہوئے نئے رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے شیڈولڈ کاسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کو نئے قواعد مرتب کرنے کی ذمہ داری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی کمیٹی میں ایس سی ڈیولپمنٹ کے علاوہ ریوینیو کے عہدیداروں کو شامل کیا جائے گا۔ ر