ممبئی29 جولائی (یو این آئی ) مہاراشٹر سماج وادی پارٹی لیڈر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے ایک دلت نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے اور مسلم سمجھ کر اسے زدوکوب کرنے کی مذمت کی اور کہاکہ طرح دہشت گردوں نے پہلگام میں بے قصوروں کو ان کا مذہب پوچھنے پر قتل کیا، اسی طرح بلڈھانہ کے کھمگاؤں میں ایک دلت نوجوان کو اس کا مذہب پوچھنے پر بے دردی سے پیٹا گیا۔ اسے برہنہ کر کے اس کا مذہب تلاش کیا گیا۔ سماج وادی پارٹی اس کی سخت مذمت کرتی ہے ۔اگر وہ مسلمان ہوتا تو کیا اسے قتل کر دیا جاتا؟ کیا حکومت کے وزراء مسلمانوں کے خلاف زہر اگل کر ایسے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے ؟ یہ مہاراشٹر حکومت سے ہمارا سوال ہے ۔ اگر مہاراشٹر میں اب بھی امن و امان برقرار ہے تو ہم وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فرقہ وارانہ دہشت پھیلانے والے دہشت گردوں کے خلاف مکوکا کے تحت سخت کارروائی کی جائے ۔