یلاریڈی ۔ یکم اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی ڈیویژن کے علاقہ ویلوٹلا تانڈا کی کچی سڑک جس پر مٹی کا مورم تک نہ ڈالے جانے کی وجہ بارش میں دلدل کی شکل اختیار کرلیا ہے ۔ عوام و طلباء مشکلات سے دوچار ہیں ۔ کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ قیام تلنگانہ کے بعد بھی کچے راستوں کا سفر کسی تعجب سے کم نہیں ہے ۔ کیچڑ سے بھرے راستوں سے معصوم طلبہ کو گزرنا پڑا ہے جو حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ 2014 ء سے آج تک سنہرہ تلنگانہ کا نعرہ صرف کانوں کو سننے کیلئے ملا ہے ۔ مگر آنکھوں کو دیکھنے کیلئے نصیب نہ ہوا ۔ مواضعات و تانڈوں کی کچی سڑکوں کو متعلقہ گتہ دار لاپرواہی و غیر ذمہ داری کیساتھ تیار کرکے اپنا الو سیدھا کررہے ہیں ۔ ایک طرف تلنگانہ حکومت سکریٹریٹ کی جدید تعمیرات کیلئے 500 کروڑ روپئے خرچ کرنے تیار ہے ۔ لیکن معصوم طلباء کیچڑ میں چلتے ہوئے کتابوں کا بوجھ اپنے کاندھوں پر لئے اسکول جارہے ہیں ۔ جب تک عام غریب عوام کو صدفیصد بنیادی سہولتیں نہیں ملتی تب تک سنہرہ تلنگانہ کا نعرہ بھونڈا مذاق ہی رہے گا ۔