دلہوں کو لوٹنے والی لٹیری دلہن گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اپنی خوبصورتی کے مایا جال میں نوجوانوں کو پھنسا کر دولہوں کو لوٹ لینے والی لٹیری دلہن کو بالآخر جبل پور پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس تحقیقات میں لٹیری دلہن نے چونکا دینے والی سنسنی خیز حقائق سے پردہ اٹھایا ۔ 28 سالہ لٹیری دلہن نے بتایا کہ اس کا نام ارملا اہروار ہے ۔ وہ اپنے شوہر بھاگ چند کے علاوہ مزید دو افراد کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی کا کام کررہی ہیں پہلے دو افراد ارملا کی شادی کے لیے بات چلاتے ہیں لڑکے والوں کو بتایا جاتا ہے کہ وہ یتیم ہے اور کوئی جہیز نہیں دے سکتے اس طرح شادی طئے کرانے کے بعد ارملا دولہے کے گھر پہونچتی ہے ۔ سہاگ رات میں نصف شب یا دوسرے دن گھر میں موجود نقد رقم اور سونا لے کر اپنے شوہر بھاگ چند کے ساتھ فرار ہوجاتی ہے ۔ اس طرح ارملا نے 2 سال کے دوران 7 شادیاں کرچکی ہیں ۔ خاص طور پر 35 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ٹارگیٹ بنایا گیا ہے ۔ جبل پور کے دشرتھ پٹیل سے شادی کے بعد ارملا کے فرار ہونے پر دولہے نے فوری اس کی پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے ارملا اس کے شوہر اور مزید دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ میں روانہ کردیا ۔۔ ن