دلیری کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات آتشزدگی میں 6 افراد کی جان بچائی

   

حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 26 اپریل کو شہر کے مضافاتی علاقہ میں واقع ایک صنعتی ادارہ میں آتشزدگی واقعہ میں اپنی جان جوکھم میں ڈال کر 6 افراد کی جان بچانے والے نوجوان کی ستائش کرتے ہوئے اسے تہنیت پیش کی۔ دلیری کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان ایم سائی چرن نے آج کانگریس کے عوامی نمائندوں اور افراد خاندان کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ حالیہ آتشزدگی واقعہ میں پھنسے ہوئے چھ افراد کو 15 سالہ سائی چرن نے جان جوکھم میں ڈال کر آگ کے شعلوں سے نکال لیا۔ سائی چرن حال ہی میں ایس ایس سی کی تکمیل کرچکا ہے اور اس کا تعلق رنگاریڈی ضلع کے شاد نگر اسمبلی حلقہ میں نندی گاما سے ہے۔ چیف منسٹر نے سائی چرن کو تعلیم جاری رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے انسانی ہمدردی کے جذبہ کی ستائش کی۔ چیف منسٹر نے سائی چرن کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ خود کو عوامی خدمات سے وابستہ رکھے۔ حکومت کی جانب سے ممکنہ حوصلہ افزائی کا تیقن دیا گیا۔1