دماغ کا اسکین کروڑوں گنا صاف دکھانے والی نئی ٹکنالوجی

   

نارتھ کیرولینا: ایم آرآئی ٹکنالوجی کے 50 سال پورے ہونے پر سائنسدانوں نے ایک اور ٹکنالوجی کا اعلان کیا ہے جو روایتی اسکین کو کروڑوں گنا صاف اور واضح کرکے دکھاسکتی ہے۔ اس میں ایم آرآئی اور لائٹ شیٹ مائیکرواسکوپی کو ملاکر استعمال کیا گیا ہے۔ امریکہ میں ڈیوک یونیورسٹی مرکز برائے خردبینیات کے ماہرین نے جامعہ ٹینیسی ہیلتھ سینٹر، پنسلوانیہ، پٹسبرگ اور انڈیانا یونیورسٹی کے تعاون سے ایم آر آئی مشین میں کچھ ایسی نئی ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا ہے کہ وہ روایتی اسکین کو 6 کروڑ 40 لاکھ گنا تفصیل اور وضاحت سے دکھاتی ہے۔ بلاشبہ یہ ایک انقلابی عمل ہے۔اس میں پکسل کی بجائے تھری ڈی انداز میں ’ووکسل‘ کسی عکس کی تشکیل کرتے ہیں۔ ہر ایک ووکسل کی جسامت محض 5 مائیکرون یا ایک ملی میٹر کے پانچ ہزارویں حصے کے برابر ہے۔