جنیوا، 6 جون (یو این آئی)کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا مرض ہے جو ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے ۔اب ماہرین نے کینسر کے بہت تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ دریافت کی ہے اور وہ ہے موٹاپا۔خاص طور پر جوان افراد میں تیزی سے پھیلنے والے آنتوں کے کینسر اور موٹاپے کے درمیان تعلق موجود ہے ۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے سے مردوں میں آنتوں یا معدے سے جڑے کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ 25 فیصد تک بڑھ جاتا ہے ۔تحقیق میں بتایا گیا کہ درحقیقت پیٹ اور کمر کے گرد چربی کے اجتماع سے ہی کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں موٹاپے سے متاثر کی شرح میں 1975 سے 2023 کے دوران 3 گنا اضافہ ہوا اور 65 کروڑ سے زائد بالغ افراد موٹاپے کے شکار ہیں۔جرنل کینسرز میں کچھ عرصے پہلے شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ موٹاپے کے شکار افراد میں آنتوں کے کینسر کا خطرہ 30 سے 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے ۔تحقیق کے مطابق اضافی چربی سے ٹشوز ورم بڑھانے والے پروٹینز کو زیادہ بنانے لگتے ہیں جبکہ انسولین کے افعال میں بھی تبدیلی آتی ہے جس سے آنتوں میں کینسر کی رسولی کی نشوونما تیز ہوتی ہے ۔2023 میں سوئیڈن کی اپاسالا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے کے شکار افراد میں کینسر کا امکان زیادہ ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں اضافے سے خواتین میں اس جان لیوا مرض کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے ۔واضح رہے کہ آنتوں کا کینسر دنیا میں سرطان کی تیسری سب سے عام قسم ہے اور دنیا بھر میں اس کے کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔