دنیا بھر میں ہندوستانیوں کی یوم آزادی تقاریب

,

   

Ferty9 Clinic

بیجنگ ؍ ملبورن 15 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہزاروں ہندوستانیوں نے عالمگیر سطح پر آج پورے فخر کے ساتھ آزادیٔ ہند کی 73 ویں سالگرہ تقاریب منعقد کیں۔ وہ بلند آہنگ سے ہندوستانی سفارت خانوں پر قومی ترانہ گارہے تھے۔ چین، آسٹریلیا اور دیگر کئی ممالک میں یوم آزادی ہند تقاریب پرچم کشائی اور حب الوطنی کے گیتوں کے ساتھ منائی گئیں۔ بیجنگ میں کثیر تعداد میں ہندوستانی برادری نے اِن تقاریب میں حصہ لیا جو ہندوستانی سفارت خانہ میں منعقد کی گئی تھیں۔ ہندوستان کے سفیر برائے چین وکرم مصرا نے ترنگا لہرایا اور صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کے قوم کے نام خطاب کو پڑھ کر سنایا۔ کثیر تعداد میں ہندوستانی اِس موقع پر موجود تھے۔ ہندوستانی برادری سے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصرا نے کہاکہ جاریہ سال ہندوستان اور چین ایک اہم مرحلہ میں داخل ہورہے ہیں کیوں کہ 2020 ء میں دونوں ممالک کے تعلقات بلند ترین سطح پر پہونچ جائیں گے اور دونوں ممالک کی دوستی کی 70 سالہ تقاریب بھی منائی جائیں گی۔ اعلیٰ سطحی قیادت بشمول صدر چین ژی جن پنگ جاریہ سال کے اواخر میں ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہوگا۔ آسٹریلیا میں کثیر تعداد میں ہندوستانی نژاد افراد نے پرچم کشائی کی تقریب میں کینبرا کے ہندوستانی سفارت خانہ میں شرکت کی۔ ملبورن کے قونصل خانہ کی عمارت اور سڈنی اور پرتھ کے قونصل خانوں میں بھی یوم آزادی تقریب منائی گئی۔ ہندوستانی برادری کو وزیراعظم آسٹریلیا اسکاٹ موریسن نے اپنے پیغام مبارکباد میں کہاکہ جدید اور رنگا رنگ آسٹریلیا کی تعمیر میں ہندوستانی برادری نے سرگرم حصہ لیا ہے۔ شمالی چرنداسی میں قونصل جنرل پرتھ اور راجکمار قونصل جنرل ملبورن نے ترنگا لہرایا اور ہندوستانی برادری کو مبارکباد پیش کی۔