دنیا خلیج جیسے اہم علاقے میں مزید کسی بحران کی متحمل نہیں ہو گی : موگرینی

   

لیگزمبرگ ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) یورپی یونین میں خارجہ امور کی ذمہ دار فیڈریکا موگرینی کا کہنا ہے کہ دنیا خلیج جیسے اہم علاقے میں ایک اور بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ جذبات پر انتہائی حد تک قابو رکھیں اور تحمل مزاجی کا مظاہرہ کریں۔موگرینی نے یہ بات پیر کے روز لیگزمبرگ میں ہوئے یورپی یونین کے وزراء خارجہ کے ایک اجلاس کے دوران کہی۔ انہوں نے خلیج کے علاقے میں کشیدگی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے دانش مندانہ موقف کے لیے یورپی یونین کی حمایت کا اظہار کیا۔دوسری جانب ہالینڈ کے وزیر خارجہ سیف بلاک نے کہا کہ تیل بردار جہازوں پر حملے نا قابل قبول عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوکلیئر معاہدے کا مستقبل ایران کی جانب سے اپنی پاسداریوں پر عمل درامد کے مرہون منت ہے۔ادھر لیگزمبرگ کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ “ہم دونوں تیل بردار جہازوں اور علاقے پر حملوں کی تحقیق کے لیے اقوام متحدہ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں”۔ اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ “ہم امریکی اور برطانوی انٹیلی جنس رپورٹوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور اپنی خصوصی معلومات کے ساتھ اس کا موازنہ کر رہے ہیں”۔