دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد چھ کروڑکے پار

   

۔14.21 لاکھ مریض فوت ۔ امریکہ بدستور بدترین متاثرہ ملک۔ ہندوستان کا دوسرا نمبر

واشنگٹن ؍ ریو ڈی جنیرو : پوری دنیا میں عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19)سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ کروڑسے تجاوز کر چکی ہے ، جبکہ تقریباً 14.21 لاکھ افراد فوت یوچکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر کے 191 ممالک میں 6,03,46,970 افراد کو متاثر کیا ہے اور 14,20,721 افراد کو ہلاک کیا ہے ۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ میں اب تک 1,27,72,721 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 2,62,177 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہندوستان میں مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جمعرات کی صبح جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 44,489 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی تعداد 92.66 لاکھ ہوگئی۔ وہیں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 86.79 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ، جبکہ 524 مزید مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی تعداد 1،35،223 ہوچکی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 4،52،344 فعال کیسز موجود ہیں۔ برازیل کورونا سے متاثرہ افراد کے معاملے میں تیسرے نمبرپر، شفایابی اور اموات کے معاملے میں دوسرے مقام پر ہے ۔