دنیا یوکرین کی طرح فلسطینیوں کی بھی حمایت کرے : صدر چلی

   

سینٹیاگو ۔ چلی کے صدر گیبریل بوریک نے عالمی برادری سے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جیسا کہ آج یوکرین کے ساتھ اظہار کر رہی ہے فلسطینیوں کے ساتھ بھی اسی طرح کی یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ 35سالہ صدر نے ان خیالات کا اظہار ایک خصوصی انٹرویو میں کیا جو چلی کے مقامی چینل 13 نے نشر کیا۔ انہوں نے کہا کہ روسی جارحیت سے متعلق سب جانتے ہیں، لیکن فلسطین میں ہونے والی کارروائیوں سے اندھیرے میں رکھا جاتا ہے۔ فلسطین پر ایک طویل عرصہ سے اسرائیل کا قبضہ ہے اور ہم اس بارے میں زیادہ نہیں جانتے کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ دنیا کیلئے اس بات سے واقف ہونا زیادہ ضروری ہے کہ فلسطینی شہری کن حالات کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ گیبریل بوریک کو فلسطینیوں کے حامی کے طور پر جانا جاتا ہے۔حال ہی میں انہوں نے اسرائیل کو ایک فاشسٹ ، خونی اور جرائم پیشہ ریاست قرار دیتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔