دن میں سات مرتبہ رنگ بدلنے والی ’’جادوئی جھیل‘‘

   

قاہرہ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کیا آپ نے کبھی کسی ’جادو والی جھیل‘ کا نام سنا ہے؟ اگر نہیں تو یقیناً یہ نام سنتے ہی آپ بھی حیران ہوگئے ہوں گے۔ اس جھیل کی خاص بات ہی یہی ہے کہ اس کا نام سنتے ہی تجسس پیدا ہونے لگتا ہے کہ اس پراسرار جھیل کو ایک بار تو ضرور دیکھا جائے کہ آخر ایسا کیا ہے جس نے اسے جادوئی بنا رکھا ہے۔جادو والی یہ جھیل مصر کے معروف شہر الفیوم کی وادی الریان میں واقع ہے۔امریکی چینل سی این این کے مطابق اسے جادو والی جھیل اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ دن میں سات مرتبہ رنگ تبدیل کرتی ہے۔اس میں مختلف دھاتیں بھاری مقدار میں پائی جاتی ہیں۔ جوڑوں کے امراض میں مبتلا افراد اگر اس جھیل کی ریت میں 12گھنٹے گزاریں تو وہ مرض سے شفایاب ہو جاتے ہیں۔جادو والی جھیل کا محل وقوع بڑا منفرد ہے۔ یہ محفوظ قدرتی جنگل کے درمیان ریت کے تودوں اور صحرا کے ڈھلوانی مقامات کے درمیان واقع ہے جس کے بارے میں آج تک یہ نہیں پتہ چل سکا کہ اس کا پانی کہاں سے آتا ہے۔ مصر کے معروف مصور نادر العاصی نے اس منفرد جھیل کی تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جو وائرل ہوگئیں۔ العاصی پیشہ ور فوٹو گرافر ہیں اور ان کی جاری کردہ تصاویر دیکھنے والے کو حیرت میں ڈال دیتی ہیں۔ اس جھیل کے کنارے مختلف سیاحتی سرگرمیاں منعقد ہوتی رہتی ہیں، یہاں سیاح خیمے نصب کرتے ہیں اور ریت پر سکیٹنگ کرتے ہیں۔ البتہ ان کا نہانے کا شوق پورا نہیں ہوسکتا کیونکہ اس جھیل میں نہانے پر پابندی عائد ہے۔ کہتے ہیں کہ یہ جھیل نہانے کے لیکسی بھی طرح موزوں نہیں ہے۔العاصی کا کہنا ہے کہ اس جھیل کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جھیل کا پانی ریت میں کہاں سے نکلتا ہے اس حوالے سے کوئی حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔