دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کی تعمیر سے متعلق مشاورت جاری

   

وزیر صحت کا اعلان ۔ آوٹ پیشنٹ بلاک کا مرمت کے بعد افتتاح ۔ نئی اسکاننگ مشین کا بھی آغاز کیا گیا
حیدرآباد۔21۔جون(سیاست نیوز) دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کی تعمیر اور سنگ بنیاد کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مشاورت جاری ہے اور حکومت جلد ہی عثمانیہ دواخانہ کی نئی عمارت پر قطعی فیصلہ کرکے سنگ بنیاد تقریب کا اعلان کریگی۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج دواخانہ عثمانیہ آؤٹ پیشنٹ بلاک کی مرمت کے بعد افتتاح اور دواخانہ میں ایم آر آئی مشین کے افتتاح کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ سابقہ حکومت سے دواخانہ عثمانیہ اور ریاست میں موجود شعبہ صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی بلکہ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے نام سے 4 نئی عمارتوں کی تعمیر کے اقدامات کئے گئے ۔ انہو ںنے دواخانہ عثمانیہ میں سہولتوں کو بہتر بنانے پیشرو حکومت کے موقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اقتدار پانے کے بعد کانگریس نے دواخانہ عثمانیہ کے علاوہ دیگر سہولتوں کو بہتر بنانے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ حکومت سرکاری طبی سہولتوں کو بہتر بنانے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے دواخانہ عثمانیہ کی نئی تعمیر پر جلد فیصلہ کرکے اقدامات کا آغاز کیا جائے گا اور حکومت تمام کی تجاویز کے حصول اور ان کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گی۔ وزیر صحت نے دواخانہ کے مختلف گوشوں کا معائنہ کرتے ہوئے دواخانہ سہولتوں اور درکار سہولتوں کے متعلق آگہی حاصل کی اور کہا کہ دواخانہ عثمانیہ تاریخی ہے اور اس میں تمام معیاری سہولتوں کو یقینی بنایا جائیگا ۔ انہوں نے نئی ایم آر آئی اسکاننگ مشن کا افتتاح انجام دیا ۔ علاوہ ازیں مرمت شدہ آؤٹ پیشنٹ بلاک کے افتتاح کے بعد ڈائیٹ کینٹین کا افتتاح انجام دیا۔ دواخانہ عثمانیہ میں نئی اسکاننگ مشن سے مریضوں کوگاندھی ہاسپٹل یا مہدی نواز جنگ ہاسپٹل بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ یومیہ 30 تا40 اسکیننگ دواخانہ عثمانیہ میں انجام دی جاسکیں گی۔ سپرٹنڈنٹ دواخانہ عثمانیہ ڈاکٹر بی ناگیندر نے بتایا کہ 13 کروڑ 90 لاکھ کی لاگت سے ایم آر آئی کی نئی مشن لائی گئی ہے تاکہ یہاں آنے والے مریضوں کو سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ فروری سے قبل تک پرانی مشین سے یومیہ محض 10 مریضوں کی اسکیاننگ کی جاتی تھی لیکن اب اس تعداد میں اضافہ ہوگا۔ ڈاکٹر بی ناگیندر نے بتایا کہ دواخانہ میں 34.3 لاکھ کی لاگت سے آؤٹ پیشنٹ بلاک کی مرمت کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ 1.59 کروڑ کی لاگت سے دواخانہ میں ڈائیٹ کچن تیار کیاگیا جس کا آج وزیر صحت نے افتتاح انجام دیا۔3