دوباک کی طرح گریٹر حیدرآباد میں بی جے پی کو کامیابی ملے گی

,

   

مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر کا دعویٰ، ٹی آر ایس حکومت کے خلاف چارج شیٹ کی اجرائی
حیدرآباد۔ مرکزی وزیرپرکاش جاوڈیکر نے دعویٰ کیا کہ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں دوباک کی طرح نتائج بی جے پی کے حق میں رہینگے۔ حیدرآباد میں پرکاش جاوڈیکر نے ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں پر مشتمل چارج شیٹ جاری کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کانگریس اور ٹی آر ایس کو ووٹ دینا فرقہ پرست مجلس کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے افراد خاندان کے اثاثہ جات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ غریب اور متوسط طبقات معاشی بحران کا شکار ہوئے ہیں۔ حیدرآباد کے عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ میئر بی جے پی کا ہو یا پھر مجلس کا۔ کے سی آر اور اویسی دونوں کی پارٹیاں خاندانی پارٹیاں ہیں اور حیدرآباد کو ایسی پارٹیوں سے نجات دلانی چاہیئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے گذشتہ 6 برسوں میں مجلسی قائدین کے اشارے پر کام کیا ہے۔ کے سی آر نے حیدرآباد کو ڈلاس کی طرح ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن حالیہ بارش اور سیلاب نے حکومت کے ترقی کے دعوؤں کو کھوکھلا ثابت کردیا ہے۔ حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ مرکز نے ترقی کیلئے جو فنڈ جاری کئے تھے اسے کے سی آر ان کے افراد خاندان ہڑپ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دو مرتبہ ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا نشانہ مکمل کیا لیکن کے سی آر نے گذشتہ چھ برسوں میں دو ہزار مکانات بھی تعمیر نہیں کئے ۔ کورونا و لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا۔ چیف منسٹر فارم ہاوز میں مقیم رہے اور انہیں عوامی مسائل کی کوئی فکر نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے مفت علاج کے سلسلہ میں مرکز کی آیوشمان بھارت اسکیم پر عمل کرنے سے تلنگانہ نے انکار کردیا ہے۔ پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل میں بی جے پی کا اہم رول ہے۔ سشما سوراج نے تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔