دوباک کی عوام ٹی آر ایس اور بی جے پی کو مسترد کردے گی: اتم کمار ریڈی

   

کانگریس کی کامیابی یقینی، حلقہ کی ترقی پر کھلے مباحث کا چیلنج

حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے دوباک ضمنی چناؤ میں پارٹی امیدوار سرینواس ریڈی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عوام ٹی آر ایس اور بی جے پی کو مسترد کردیں گے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں اور بی جے پی اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ ٹی آر ایس کامیاب ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر تنقید کے ذریعہ دونوں پارٹیاں ڈرامہ بازی کررہی ہیں جس سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دوباک کی ترقی کیلئے کانگریس کی کامیابی ضروری ہے کیونکہ ٹی آر ایس نے رام لنگا ریڈی کو حلقہ کی ترقی کا موقع فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف دوباک بلکہ رام لنگا ریڈی کو نظرانداز کردیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں انہوں نے اسمبلی میں شکایت کی تھی کہ وہ حلقہ کی ترقی کے اقدامات سے قاصر ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو سماجی انصاف کی یاددہانی کیلئے دوباک میں کانگریس کی کامیابی ضروری ہے۔ ایک مخصوص طبقہ کو ٹی آر ایس نے نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوباک کی ترقی متیم ریڈی کی دین ہے اور اس مسئلہ پر وہ ٹی آر ایس کو کھلے مباحث کا چیلنج کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت متیم ریڈی کے فرزند سرینواس ریڈی انتخابی میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہریش راؤ کو رام لنگا ریڈی سے محبت ہوتی تو وہ کابینہ میں شامل کراتے۔ 4 مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے باوجود رام لنگا ریڈی کو نظرانداز کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار رگھونندن اور کے سی آر ایک ہی خاندان کے رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ہر گھر کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن خود پرگتی بھون تک محدود ہوگئے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ جمہوری انداز میں الیکشن ہو تو کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینواس ریڈی اسمبلی میں ان کے ساتھ عوامی مسائل کو پیش کرسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی انتخابی دھاندلیوں کو ناکام بنائیں۔ متیم ریڈی کے ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے کیلئے ان کے فرزند کی کامیابی ضروری ہے۔