اتم کمار ریڈی اور ارکان پارلیمنٹ کا دورہ، پارٹی قائدین اور کارکنوں کا اجلاس
حیدرآباد: دوباک کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ اور کئی ارکان اسمبلی نے آج دوباک کے کئی منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ کانگریس پارٹی نے ضمنی چناؤ کو وقار کا مسئلہ بناتے ہوئے سینئر قائدین کو انتخابی مہم کی ذمہ داری دی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین انتخابی مہم کے اختتام تک دوباک میں قیام کریں گے۔ انہوں نے آج مختلف منڈلوں کے انچارج قائدین کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے انتخابی مہم کا جائزہ لیا۔ رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں متحدہ طور پر مقابلہ کرتے ہوئے پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں عوام کو ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا بہترین موقع حاصل ہوا ہے۔ گزشتہ 6 برسوں میں حکومت نے ایک بھی وعدہ پر عمل نہیں کیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی اندرونی ملی بھگت ہے اور مرکز کے ہر فیصلہ کی ٹی آر ایس نے تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے تلنگانہ سے ٹی آر ایس کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی۔ اسی دوران سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے دوباک منڈل کے مختلف مواضعات میں پد یاترا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کسانوں کو حکومت کی مخالف زراعت پالیسیوں سے واقف کرایا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں ٹی آر ایس حکومتیں کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہیں۔ ہنمنت راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو کامیاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں۔ ہنمنت راؤ نے مقامی اقلیتی قائدین کے ساتھ اقلیتی رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی قائدین آر لکشمن یادو ، جی مہیندر ، سرینواس راؤ ، سریکانت گوڑ ، ماجد خان اور دوسرے موجود تھے۔