ہندوستانی سفارتخانہ کے فرسٹ سکریٹری دنکر سنکپال کی شرکت،امن کے فروغ میں علیگڑھ تحریک کے رول پر خطاب
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی تنظیم طلبائے قدیم کی جانب سے دوحہ قطر میں ممتاز صحافی محمد وجہی الدین کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔ قطر میں ہندوستانی سفارتخانہ سے ملحقہ تنظیم اے سی بی ایف کے اشتراک سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا جس کا موضوع ’’ امن کے فروغ میں علیگڑھ تحریک کا رول ‘‘ رکھا گیا تھا۔ صحافی محمد وجہی الدین روز نامہ ٹائمز آف انڈیا ممبئی ایڈیشن میں اسسٹنٹ ایڈیٹر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ فرسٹ سکریٹری کلچر ایجوکیشن اینڈ لیبر ہندوستانی سفارتخانہ سچن دنکرسنکپال بحیثیت مہمان شریک تھے۔ طلبائے قدیم اسوسی ایشن قطر کے صدر ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی نے خیرمقدم کیا اور مہمان مقرر کا تعارف کرایا۔ ڈاکٹر جیلانی نے بتایا کہ قطر میوزیم اتھاریٹی کی جانب سے محمد وجہی الدین کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ میوزیم میں قطر کے تہذیبی ورثہ اور اسلام سے متعلق اہم مقامات کی تاریخ کا مشاہدہ کرایا جاسکے۔ مجوزہ فٹبال ورلڈ کپ کے ضمن میں اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ محمد وجہی الدین نے خطاب کرتے ہوئے علیگڑھ میں اپنے زمانہ طالب علمی کی یاد تازہ کی اور کہا کہ دنیا بھر میں علیگڑھ کے فارغین پھیلے ہوئے ہیں اور امن و بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے علیگڑھ کو مِنی انڈیا قرار دیا ہے۔ انہوں نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخ پر مبنی کتاب کا حوالہ دیا جسے قطر میں جاری کیا گیا۔ سچن دنکرسنکپال نے علیگڑھ طلبائے قدیم اسوسی ایشن کی سماجی اور تہذیبی سرگرمیوں کی ستائش کی۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ، فری ہیلت کیمپ، اسپورٹس اور دیگر سرگرمیوں کیلئے ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ علیگڑھ یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کریں۔ ممنون احمد کی قرأت سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ پروفیسر اصغر عباس کو خراج پیش کیا گیا جن کا حال ہی میں انتقال ہوا۔ انہوں نے سرسید احمد خاں اور علیگڑھ تحریک پر کتابیں تحریر کی ہیں۔ اس موقع پر طلبائے قدیم تنظیم کی ایگزیکیٹو کمیٹی کی جانب سے محمد وجہی الدین کو تہنیت پیش کی گئی اور سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا۔ نائب صدر تنظیم فیصل نسیم نے شکریہ ادا کیا۔ر