سیئول : جنوبی کوریا کی پولیس نے دورانِ پرواز آسیانہ ایئرلائنز کے جہاز کا دروازہ کھلنے کی تفتیش شروع کی ہے۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعے کو ڈائیگو شہر میں لینڈنگ سے قبل طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھل گیا تھا۔ایئرپورٹ کے فلائٹ شیڈول کے مطابق ایئربس اے 321 کے جہاز نے کھلے دروازے کے ساتھ مقامی وقت کے مطابق دن ساڑھے بارہ بجے ڈائیگو میں بحفاظت لینڈنگ کی۔ طیارے نے ایک گھنٹہ قبل جیجو جزیرے سے اْڑان بھری تھی۔ایئرپورٹ پر ایمرجنسی امداد کے محکمے کے مطابق حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم نو مسافروں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن کو سانس لینے میں مشکل پیش آ رہی تھی۔جیجو جزیرے کے محکمہ تعلیم کے مطابق جن افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا اْن میں آٹھ سکول کے بچے شامل ہیں۔