نئی دہلی ۔ جیسے جیسے بارڈرگواسکر ٹرافی کے دن قریب آرہے ہیں، اس کے بارے میں جوش و خروش بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کون کون سے چہرے ہوں گے جو اس اہم اور مسابقتی سیریز کا حصہ ہوں گے؟ اس بڑے سوال کا جواب ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پونے میں ہونے والے دوسرے ٹسٹ کے بعد مل سکتا ہے۔ دراصل خبر ہے کہ سلیکٹرز پونے ٹسٹ کے بعد ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ تاہم اس سے پہلے دو ایسے کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے ہیں جو بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کے دعویدار بن سکتے ہیں۔ ایک رپورٹ ہے کہ آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی کو بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کے لیے ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی سلیکٹرز دورہ آسٹریلیا کے لیے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈرکی تلاش میں ہیں۔ ٹیم کی اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اجیت اگرکر اینڈ کمپنی نتیش کمار ریڈی کے نام پر مہر لگا سکتی ہے۔ آئی پی ایل میں حیدرآبادکے لیے کھیلنے والے نتیش نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز بھی کھیلی ہے۔ انہیں آسٹریلیا کے دورے کے لیے انڈیا اے ٹیم میں بھی منتخب کیا گیا ہے۔ تاہم نتیش کمار ریڈی کو فاسٹ بولرآل راؤنڈرکے طور پر منتخب ہونے کی دوڑ میں شاردول ٹھاکر سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو شاردول بھی فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کے کردار میں ٹیم میں جگہ کے مضبوط دعویدار ہیں۔ 33 سالہ شاردول نے گزشتہ آسٹریلیا کے دورے پر گابا ٹسٹ میں ہندوستان کی جیت میں اہم کردار اداکیا تھا۔ حال ہی میں وہ زخموں سے صحت یاب ہوئے ہیں اور ڈومیسٹک میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ فی الحال وہ ممبئی کے لیے رانجی ٹرافی کھیل رہے ہیں۔ ایسی صورت حال میں شاردول گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد سے ہندوستانی ٹیم سے دور ہیں لیکن سلیکٹرس بارڈر ۔گواسکر ٹرافی میں ان کے نام پر غورکر سکتے ہیں۔ ہاردک پانڈیا کے ریڈ بال کرکٹ سے خود کو دورکرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم میں فاسٹ بولنگ کرنے والے آل راؤنڈر کی کمی ہے۔ اب تک شاردول ٹھاکر غیر ملکی دوروں پر اس کردار میں نظر آتے تھے۔ لیکن اس بار دورہ آسٹریلیا کے لیے 33 سالہ تجربہ کارکھلاڑی کو 23 سالہ نوجوان یعنی نتیش کمار ریڈی سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے 10 نومبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہونے کا امکان ہے۔ اس بار دورہ آسٹریلیا اس لیے خاص ہوگا کیونکہ 1992کے بعد پہلی بار دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹسٹ سیریز 22 نومبرکو شروع ہوگی۔