لاہور ۔ پاکستان نے دورہ جنوبی افریقہ کے لئے ٹسٹ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموںکا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی کے7 بڑے فیصلوں کی جھلک ٹیم کے اعلان میں دیکھی گئی ہے۔ شان مسعود دورہ جنوبی افریقہ پر ٹسٹ ٹیم کی کمان کریں گے۔ محمد رضوان ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کمان سنبھالیںگے۔ پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ 10 دسمبرکو شروع ہوگا جس میں پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں فارمیٹس کے لیے پندرہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ پاکستان کے سلیکٹرز نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے 7 اہم فیصلے لیے۔ ان کا پہلا بڑا فیصلہ شاہین آفریدی کو ٹسٹ ٹیم سے خارج کرنا ہے۔ تاہم ٹسٹ کے علاوہ شاہین کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ پاکستان کے سلیکٹرز نے سلمان علی آغا کو نائب کپتانی سے ہٹانے کا ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا۔ سلمان علی آغا دورہ جنوبی افریقہ پر وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان نہیں ہوں گے۔ سلیکٹرز نے صرف نسیم شاہ کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ دی ہے۔ انہیں جنوبی افریقہ کے دورے پر ونڈے اور ٹسٹ ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔ سلیکٹرز نے نعمان علی کو ٹسٹ ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ساجد خان اور زاہد خان کو دورہ جنوبی افریقہ کی ٹسٹ ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔ سلیکٹرز نے بلے باز صائم ایوب کو تینوں فارمیٹس کے لیے ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مطلب وہ جنوبی افریقہ میں تینوں فارمیٹس ونڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹسٹ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پی سی بی سلیکٹرز نے فخر زمان اور امام الحق کو دورہ جنوبی افریقہ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان دونوں کو کسی فارمیٹ میں جگہ نہیں ملی ہے۔ پاکستان کے سلیکٹرز نے محمد عباس کو ٹسٹ ٹیم میں واپس بلانے کا بڑا فیصلہ کیا۔ عباس کی 3 سال بعد ٹسٹ ٹیم میں واپسی ہوگی۔ انہوں نے اپنا آخری ٹسٹ اگست 2021 میں پاکستان کے لیے کھیلا۔ دورہ جنوبی افریقہ پر پاکستانی ٹیم پہلے 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلے گی جو 10 سے 14 دسمبر تک کھیلی جائے گی۔17 سے 22 دسمبر کے درمیان 3 ونڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جبکہ آخر میں 2 میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔