دوستوں کی آنکھوں کے سامنے نوجوان آبشار میں بہہ گیا

,

   

ممبئی: ریاست مہاراشٹرا کے لوناوالا میں بھوشی ڈیم کے پاس ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے بہہ جانے کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ ایک 32 سالہ نوجوان کے تمہینی گھاٹ میں بہہ جانے کا انکشاف ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ نوجوان سوپنیل داوے 29 جون کو بارش کے دوران اپنے دوستوں کے ساتھ پونے کے قریب واقع تمہینی گھاٹ آبشار تفریح کی غرض سے آیا ہوا تھا۔ اس نے اپنے دوستوں سے ویڈیو گرافی کرنے کو کہا اور اونچائی سے آبشار میں چھلانگ لگا دی، چھلانگ لگانے کے بعد پانی کے شدید بہاؤ کے باوجود بھی نوجوان تیرتے ہوئے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا تاہم اس نے جیسے ہی ایک پتھر کا سہارا حاصل کیا اور وہاں رکنے کی کوشش کی، پانی کے بہاؤ کی وجہ سے اچانک اس کے ہاتھ چھوٹ گئے اور وہ اپنے دوستوں کی آنکھوں کے سامنے پانی کے بہاؤ میں بہہ گیا اوراسکی موت ہوگئی۔ اس معاملے کا انکشاف آج اس وقت ہوا جب نوجوان کی نعش برآمد ہوئی۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ یہاں یہ ذکر بے جا نا ہوگا کہ ریاست مہاراشٹرا میں آبشار میں بہہ جانے کا یہ حال ہی میں دوسرا واقعہ ہے۔