دوستوں کے ساتھ کام کرنا زیادہ آسان ہوتا :راکل پریت

   

ممبئی، 5 مئی (آئی اے این ایس)اداکارہ راکل پریت سنگھ نے فلم پتی پتنی اور وہ دو میں اداکار آیوشمان کھرانہ اور ہدایتکار مدثر عزیزکے ساتھ دوبارہ کام کرنے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دوستوں کے ساتھ کام کرنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔ راکل نے اس سے قبل 2022 کی میڈیکل کامیڈی ڈرامہ فلم ڈاکٹر جی میں آیوشمان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس فلم میں شیفالی شاہ بھی شامل تھیں، اورکہانی آیوشمان کے کردار ادے کے گرد گھومتی ہے ۔اداکارہ نے ہدایت کار مدثر عزیز کے ساتھ 2025 کی فلم میرے ہزبینڈ کی بیوی میں بھی کام کیا، جس میں ارجن کپور اور بھومی پیڈنایکر شامل تھے۔ اس فلم کی کہانی ایک طلاق یافتہ شخص انکورکے گرد گھومتی ہے، جسے اس وقت محبت کا دوسرا موقع ملتا ہے جب اس کی کالج کی محبت دوبارہ اس کی زندگی میں آتی ہے، مگر حالات اس وقت پیچیدہ ہو جاتے ہیں جب اس کی یادداشت کھو چکی سابقہ بیوی بھی واپس آجاتی ہے۔ دوبارہ ان دونوں کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے راکل نے کہا کہ اس بار سیٹ پرکام کرنا زیادہ آرام دہ تھا۔ میرے خیال میں اس بار دوبارہ اکٹھے کام کرنے کا تجربہ مختلف اس لیے تھا کیونکہ کام میں ایک آسانی تھی۔ ظاہر ہے یہ پہلی بار نہیں تھا، اس لیے آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ اداکار یا ہدایت کار کس طرح کام کرتے ہیں اور مناظرکو کیسے پیش کرتے ہیں۔ یہ آرام دہ ماحول کام کو مزید خوشگوار بنا دیتا ہے۔ مانوسیت آپ کے اندازکو بدل دیتی ہے اور سب کچھ آسان اور مزے دار ہوجاتا ہے، کیونکہ آپ پہلے سے سب کے دوست ہوتے ہیں۔ اسی لیے دوستوں کے ساتھ کام کرنا واقعی آسان ہوتا ہے۔راکل کے ساتھ اس فلم میں سارہ علی خان اور وامیکا گبی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم پریاگ راج میں ترتیب دی گئی ہے، جہاں ایک شادی اس وقت افراتفری کا شکار ہو جاتی ہے جب ایک فیصلہ غلط فہمیوں اور مزاحیہ شکوک و شبہات کا سلسلہ شروع کردیتا ہے۔ ٹی سیریز اور بی آر اسٹوڈیوز کی پیشکش، اس فلم کو مدثر عزیز نے ہدایت دی ہے، جبکہ بھوشن کمار، رینو روی چوپڑا اور کرشن کمار اس کے پروڈیوسر ہیں، جونو چوپڑا تخلیقی پروڈیوسر کے طور پر شامل ہیں۔ یہ فلم 15 مئی 2026 کو ریلیز ہوگی۔