حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کی نائب صدر ڈی کے ارونا نے وزیراعظم نریندر مودی کے تئیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے رویہ میں ہوئی تبدیلی پر سوال کیا ہے جنہیں چندر شیکھر راؤ نے ماضی میں ایک اچھا دوست سمجھا تھا لیکن اب اچانک انہوں نے انہیں ایک حریف دشمن کہا ہے کیوں کہ مودی نے کے سی آر کی بدعنوانیوں پر سوال کرنا شروع کیا ہے ۔ کل حیدرآباد میں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے ڈی کے ارونا نے چیف منسٹر پر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے وزیراعظم کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا ۔ پالمورو رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم کی تعمیر مکمل کرنے میں حکومت کی ناکامی پر سوال کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت چیف منسٹر کے خاندان کو دولت مند بنانے کے لیے عوام پر قرض کا بھاری بوجھ عائد کررہی ہے ۔۔