دوسرے پی آر سی کی تشکیل کے لیے چیف منسٹر کو یادداشت پیش

   

رپورٹ وصول ہونے سے قبل یکم جولائی سے عبوری راحت دینے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ٹی این جی او ، ٹی جی او اور دیگر تنظیموں نے ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ کی قیادت میں چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے دوسرے پے رویژن کمیشن ( پی آر سی ) تشکیل دینے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی ایک یادداشت بھی پیش کی ہے ۔ پی آر سی کی رپورٹ وصول ہونے سے قبل یکم جولائی سے ( آئی آر ) عبوری راحت کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ سرکاری ملازمین کے ساتھ کنٹراکٹ ، آوٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والے ملازمین سے بھی انصاف کرنے کی یادداشت میں اپیل کی ۔ ملازمین کی صحت کا تحفظ کرنے کے لیے ان سے چندہ حاصل کرتے ہوئے ایک ٹرسٹ قائم کرنے اور اُس سے معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایمپلائز ہیلت اسکیم ( ای ایچ ایس ) کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے کنٹریبیوٹری پنشن ( سی پی ایس ) نظام کو منسوخ کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے مناسب فیصلہ کرنے پر زور دیا گیا ۔ ضلع رنگاریڈی کے گوپن پلی سروے نمبر 36-37 میں ملازمین کے لیے مختص کی گئی اراضی بھاگیہ نگر این جی او ہاوزنگ سوسائٹی کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کرنے کی بھی اپیل کی ۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے دیگر مسائل سے بھی چیف منسٹر کے سی آر کو واقف کرایا گیا ۔ جے اے سی کے صدر نشین ایم راجندر اور سکریٹری جنرل وی ممتا نے میڈیا کو بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ہماری یادداشت پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور عنقریب ملازمین تنظیموں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تمام مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا ہے ۔۔ ن