دونوں شہروں میں موسلادھار بارش و ژالہ باری ‘ موسم خوشگوار

   

کئی اضلاع اور شہر میں آئندہ دو دن مزید بارش کی پیش قیاسی ۔ زرد الرٹ جاری

حیدرآباد۔6۔اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہر وں میں ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ حیدرآباد وسکندرآباد کے مختلف علاقوں میں صبح سے مطلع ابرآلود رہا اور دوپہر کے بعد مختلف علاقوں میں موسلادھارغیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے بعد درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کی اولین ساعتوں میں دونوں شہروں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہا جبکہ بارش کے فوری بعد گرمی کی شدت میں کمی دیکھی گئی اور درجہ حرارت میں 10 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ آئی ۔ محکمہ موسمیات کے علاوہ خانگی ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع عادل آباد‘ نرمل ‘ جگتیال‘ سرسلہ نظام آباد ‘ کاماریڈی ‘ کریم نگر‘ پداپلی ‘ میدک‘ سدی پیٹ‘ سنگاریڈی ‘ ملکا جگری میڑچل ‘ رنگاریڈی اور وقارآباد میں 6تا8 اپریل زبردست بارش ریکارڈ کے امکانات ہیںجبکہ دیگر اضلاع میں معمولی غیر موسمی بارش کے امکانات ہیں۔جوبلی ہلز ‘ ٹولی چوکی ‘ مہدی پٹنم‘ نامپلی ‘ آصف نگر‘ بورا بنڈہ ‘ موسیٰ پیٹ ‘ کوکٹ پلی ‘ قطب اللہ پور‘ الوال ‘ جیڈی مٹلہ ‘ خیریت آباد‘ ملک پیٹ ‘ امیر پیٹ ‘ عنبر پیٹ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی اور نصف گھنٹہ سے زائد بارش و ژالہ باری کے دوران کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دو یوم کیلئے زرد الرٹ جاری کیا گیا اور کہا جار ہاہے کہ اس غیر متوقع موسمی تبدیلی کے بعد غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔شہر کے نواحی علاقوں ایل بی نگر ‘ اپل ‘ سرورنگر‘ دلسکھ نگر‘ ونستھلی پورم‘ سعید آباد میں مطلع ابرآلود ہونے کے بعد بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔چارمینار کے اطراف و اکناف میںجہاں گذشتہ شب موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی تھی آج محض بونداباندی ہوئی لیکن مطلع ابرآلود رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں درجہ حرات میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بارش کی پیش قیاسی کے سلسلہ میں خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ اگر گذشتہ ماہ کی طرح بارش اور ژالہ باری ہوتی ہے تو کسانوں اور دھنگروں کو اپنی فصلوں اور مویشیوں کے متعلق چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔م