دونوں شہروں میں شراب کی دکانات کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش

   

نوجوانوں کو شراب کا عادی بنانے میں اہم رول، کتہ گوڑم موضع کا طریقہ کار اپنانا ضروری
حیدرآباد۔11جولائی(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں شراب کی دکانات کی بڑھتی ہوئی تعداد نوجوانوں کو نشہ کا عادی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے شہریوں کو بھی ضلع کتہ گوڑم کے اشواپورم میں موجود گرام پنچایت چنتریالہ کے طرز پر اقدامات کرنے پڑیں گے۔تلنگانہ میں ایک ایسا بھی موضع ہے جہاں گاؤں والوں نے نوجوانوں کے مستقبل کو شراب کی نذر ہوتے ہوئے تاریک بننے سے روکنے کے لئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے شراب کی عام فروخت کو روکتے ہوئے پورے گاؤں میں محض ایک دکان کی اجازت دی ہے تاکہ شراب کی عام فروخت پر قابو پانے کے علاوہ اسے محدود کیا جاسکے۔شہر کے کئی علاقوں بالخصوص مسلم علاقوں میں شراب کی دکانات میں ہونے والے بے تحاشہ اضافہ کے نتیجہ میں عوام میں تشویش کی لہر پائی جانے لگی ہے اور کئی مقامات پر شراب کی دکانات سے متصل پرمٹ روم میں شراب نوشی کی اجازت نے راہگیروں کو انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہالیکن اس کے باوجود مقامی پولیس اہلکار اس معاملہ سے نمٹنے میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں مجموعی طور پر 2620 شراب کی منظورہ دکانات ہیں اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں 215 شراب کی دکانات ہیں جہاں شراب فروخت کی جاتی ہے لیکن شہر کے کئی علاقوں میں رات دیر گئے غیر مجاز شراب کی فروخت اور جگہ جگہ اجازت دیئے جانے کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے مسائل میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ ضلع کتہ گوڑم میں موجود گاؤں کے مکینوں نے پنچایت کے ذریعہ جو اقدام کیا ہے اس کے نتیجہ میں اب پوری گرام پنچایت میں محض ایک مقام پر ہی شراب دستیاب ہوتی اور فروخت کی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں گرام پنچایت کی خواتین اور لڑکیوں کو نشہ کے عادی نوجوانوں کی چھیڑ چھاڑ سے نجات حاصل ہونے کے علاوہ نوجوانوں کو نشہ سے دور رکھنے میں بڑی کامیابی حاصل ہونے لگی ہے اس کے برعکس شہر حیدرآباد میں کئی مقامات پر رات کے اوقات میں شراب کی فروخت اور جابجا دکانات کی موجودگی نوجوانوں کو نشہ کا عادی بنانے کے علاوہ ان کے مستقبل کو تاریک بنانے کا باعث بن رہی ہیں اس معاملہ میں اگر محلہ واری سطح پر اقدامات کا آغاز کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں شہر حیدرآباد میں کھولی جانے والی شراب کی دکانات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔H/3