کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ۔ جی ایچ ایم سی حکام کی چوکسی
حیدرآباد ۔2ستمبر ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گذشتہ شب سے ہونے والی موسلادھار بارش سے شہر کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ آج سہ پہر سے مانسون سرگرم ہونے کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے علاقہ ریاست کے مختلف مقامات پر بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بارش کے پیش نظر جی ایچ ایم سی حکام چوکسی اختیار کی ہوئی ہے اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیزاسٹر رسپانس فورس ( ڈی آر ایف ) کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ گنیش چتورتھی کے دن ہونے والی بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر ٹریفک جام دیکھی گئی اور شہر کی خستہ سڑکوں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پیدا ہوگیا اور عوام کا سڑکوں پر گذرنا محال ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں تک زبردست بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ مسلسل بارش کے باوجود بھی محکمہ بلدیہ اور دیگر محکمہ جات خواب غفلت میں ہے اور پانی کی نکاسی کیلئے فی الفور اقدامات ضروری ہے ۔سرکاری ذرائع کے بموجب گذشتہ 24گھنٹوں میں شہر حیدرآباد میں 8ملی میٹر کی اوسط بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ دو دونوں تک مطلع آبرالود رہنے کا امکان ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اگست کے مہینہ میں شہر حیدرآباد میں 207ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور جاریہ ماہ بھی شدید بارش کا امکان بتایا گیا ہے ۔
