حیدرآباد۔ کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون ٹیم نے دو فیلڈ سینیٹری اسسٹنٹ کو گرفتار کرلیا جو نقلی انگوٹھے کے نشانات سے جاروب کشوں کی تنخواہ ہڑپ رہے تھے۔ انسپکٹر ساؤتھ زون ٹاسک فورس راگھویندرا کی ٹیم نے اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 38 سالہ حاجی احمد عرف علی ساکن تالاب کٹہ اور 42 سالہ لائق ساکن مغلپورہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 5 نقلی فنگر پرنٹ، بائیو میٹرک مشین اور دو موبائیل فون ضبط کرلئے۔ حاجی اور لائق بلدیہ میں کنٹراکٹ اساس پر خدمات انجام دیتے ہیں جو تقریباً 15 سال سے اس شعبہ سے وابستہ ہیں جو پابندی سے صفائی عملہ کی حاضری بائیو میٹرک کے ذریعہ لیا کرتے ہیں۔ ان دونوں نے ملکر ایک منصوبہ تیار کیا اور حکومت کو دھوکہ دیتے ہوئے آسان انداز میں پیسے کمانے کی خاطر انہوں نے 5 افراد کو گروپ میں شامل کرلیا جو کبھی خدمات پر حاضر نہیں ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق گذشتہ 8 سال سے یہ کوشش جاری ہے اور ہر ماہ فی کس 14 ہزار روپئے حاصل کرتے تھے۔ ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کرلیا۔