دو منہ کے سانپ کو فروخت کرنے کی کوشش ناکام

   

سانپ ضبط، 9 افراد گرفتار، اسپیشل آپریشن ٹیم اور رامچندرا پورم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 17 مارچ (سیاست نیوز) بیرون ملک ادویات اور اندرون ملک توہم پرستی میں انتہائی اہمیت کے حامل دو منہ کے سانپ کو پولیس نے ضبط کرلیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم سائبر آباد اور رامچندرا پورم پولیس نے ایک کارروائی میں 9 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2 دومنہ والے سانپ، دو گاڑیاں، 10 موبائیل فون، ایک وزن پیمانے کی مشین اور ایک ٹیپ کو ضبط کرلیا۔ اس دومنہ والے سانپ کی ملک کے علاوہ بیرون ملک میں بھی کافی اہمیت پائی جاتی ہے اور 2 تا 5 کروڑ تک اس کی قیمت بتائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایم اے رشید نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے سی مانک ریڈی ساکن جیوتی نگر، کے چندرا شیکھر کرناٹک، وی بھاسکر کرناٹک، ٹی نوین کرناٹک، محمد باشاہ، رمیش، راگھویندر ساکنان گلبرگہ، ونئے کمار اور شیخ سکندر ساکنان کرناٹک کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 90 ہزار روپے نقد رقم کو بھی ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ مانک ریڈی نے بھاسکر اور چندرا شیکھر و دیگر سے رابطہ کیا اور انہیں دو منہ کا سانپ فروخت کرنے کی پیشکش کی۔ 15 مارچ کو چندرا شیکھر، نوین و دیگر نے نلا ملا جنگلات کا رخ کیا اور ان جنگلاتی علاقہ سے دو منہ کے سانپ کو پکڑا مانک ریڈی نے ان سانپوں کی ویڈیو تیار کرتے ہوئے احمد باشاہ، شیخ سکندر، رمیش اور وجئے کمار و راگھویندرا کو روانہ کیا۔ ویڈیو حاصل ہونے کے بعد یہ افراد سانپ کی خریداری کیلئے مانک ریڈی سے رجوع ہوئے۔ اس دوران پولیس کو حاصل خفیہ اطلاع کے بعد ایس او ٹی مادھاپور نے رامچندرا پورم پولیس اور فارسٹ ڈپارٹمنٹ کے ہمراہ جیوتی نگر میں دھاوا کیا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ ع