دو ہزار روپئے کے نوٹوں کی تبدیلیعوام کی بڑی تعداد بینکوں میں نظر آئی

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : دو ہزار روپئے سے دستبرداری کے آر بی آئی کے فیصلہ کے بعد نوٹوں کی تبدیلی کے لئے ملک بھر کے بینکوں میں عوام کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے۔ بینک حکام کی جانب سے دو ہزارروپئے کی کرنسی کے تبادلے کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ کرنسی تبدیل کرنے کے لئے رجوع ہونے والوں کے لئے بینکوں میں پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ بینک حکام نے بتایا کہ کئی افراد ایسے ہیں جو ان نوٹوں کو بینک کھاتوں میں جمع کروا رہے ہیں۔ عام شہریوں کے پاس دو ہزار کے نوٹ کم ہیں۔ تاہم گزشتہ روز کے مقابل نوٹوں کی تبدیلی کے دوسرے دن بینکوں میں ہجوم کچھ کم نظر آیا۔ایک بینک منیجر نے کہا کہ کرنسی کی تبدیلی کے لئے آنے والوں کے لئے تمام طرح کی سہولتیں دی جارہی ہیں۔ 30 ستمبر تک کرنسی کی تبدیلی کی مہلت ہونے کی وجہ سے عوام سہولت سے کرنسی بدلواسکتے ہیں ۔
ایک وقت میں ایک شخص کے دس کرنسی نوٹس تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص بیک وقت 20 ہزار روپے کے نوٹ تبدیل کرسکتا ہے اور کسی فارم یا سلپ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ریاست کے مختلف مقامات پر کام کرنے والے پرائیویٹ شعبہ کے بینک میں بھی کرنسی کی تبدیلی کا کام معمول کے مطابق رہا۔ دوسرے دن بعض بینکوں میں صارفین سے ان کا نام اور موبائیل نمبر رجسٹر میں لکھنے کی خواہش کی گئی، تاہم بعض مقامات پر صارفین نے کہا کہ ان کو پین یا آدھار کارڈ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ کرنسی کی تبدیلی کے لئے تمام بینکوں میں یکساں پالیسی کی کمی دیکھی گئی۔