دو یوروپین ممالک ایرانی ویکسین حاصل کرنے کے خواہاں

   

تہران ۔ ایران میں مقامی طور پر تیار کئے جانے والے کورونا کے ویکسین کی نہ صرف مقامی سطح پر طلب پائی جارہی ہے بلکہ حیرت انگیز طور پر تحدیدات کی مار جھیل رہے ایرانی ویکسین کی پانچ ممالک بشمول دو یوروپی ممالک نے بھی حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن برائے ایران کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جھانپور نے بتایا کہ مجموعی طور پر پانچ ممالک بشمول دو یوروپین ملکوں کو ایرانی ویکسین برآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مختلف کمپنیاں 20 ملین کووڈ ۔ 19 ویکسین تیار کررہی ہیں، اگرچہ ایران میں مجموعی طور پر 12 کمپنیاں کووڈ۔ 19 کے لئے ویکسین تیار کررہی ہیں۔ تاحال پانچ ایرانی کمپنیوں کو بیرونی ممالک سے آرڈرس وصول ہوچکے ہیں جنہیں اگست کے اواخر تک برآمد کردیا جائے گا۔ وزیر صحت ڈاکٹر سعید نماکی کے مطابق ایران کی مجموعی آبادی 80 ملین نفوس پر مشتمل ہے جن میں سے اکثریت کو کووڈ ۔ 19 ویکسین فراہم کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 12 ایرانی کمپنیوں میں سے 5 کمپنیوں نے اپریل 2021 سے ویکسین بنانا شروع کیا ہے۔