طلبا سے اظہار یگانگت ‘ آشی گھوش سے ملاقات ‘ کنہیا کی تقریر سنی
نئی دہلی 7 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکارہ دپیکا پاڈوکون آج شام جواہر لال نہرو یونیورسٹی پہونچ گئیں اور انہوں نے وہاں نقاب پوش غنڈوں کے حملے کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبا سے اظہار یگانگت کیا ۔ وہ طلبا کے ساتھ خاموشی سے کھڑی رہیں جب جے این یو طلبا تنظیم کے سابق صدر کنہیا کمار تقریر کر رہے تھے ۔ کنہیا کمار نے کہا کہ طلبا اس طرح کے تشدد سے جھکنے والے نہیں ہیں۔ یہ طلبا سابرمتی ہاسٹل کے قریب احتجاج کر رہے تھے ۔ یہ ان چھ ہاسٹلس میں سے ایک ہے جن پر اتوار کی رات نقاب پوش غنڈوں نے حملہ کیا تھا ۔ جے این یو میں اتوار کی شام ہوئے حملے کے بعد یہاں پہونچنے والی دپیکا پاڈوکون پہلی بڑی شخصیت ہیں۔ اس حملے پر ساری ملک میں غم و غصہ کا اظہار کیا گیا ہے اور ملک کی مختلف جامعات میں طلبا کی جانب سے احتجاج بھی کیا جا رہا ہے ۔ دپیکا پاڈوکون نے جے این یو طلبا تنظیم کی صدر آشی گھوش سے بھی ملاقات کی جو اتوار کے حملے میں شدید زخمی ہوگئی تھیں۔